شردھا کپور شکتی کپور کی بیٹی ہیں اور 27 جون کو ان کی دوسری فلم ریلیز ہوئی ہے
بالی وڈ کی نئی ہیروئن اور معروف اداکار شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور کا کہنا ہے کہ وہ فلموں میں اپنے والد کی پٹائی سے لطف اندوز ہوتی تھیں۔
انھوں نے بتایا: ’مجھے بڑا مزا آتا ہے۔ فلموں میں پاپا کو پٹتے دیکھنا پھر انھیں ہیرو کو پیٹتے دیکھنا بڑا اچھا لگتا تھا۔ میں تو اسی وقت سے فلموں کی دیوانی ہو گئی تھی۔‘
ہندی فلموں کے مشہور ویلن شکتی کپور کی بیٹی نے فلم ’عاشقي -2‘ میں اپنی اداکاری سے بہت مقبولیت حاصل کی اور اب ان کی فلم ’ایک ویلن‘ اسی جمعے کو ریلیز ہوئي ہے۔
اسی فلم کے سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شردھا کپور نے اپنے بچپن کی باتوں کا ذکر کیا۔
شردھا نے بتایا: ’میری سہیلیاں گھر آنے سے ڈرتی تھیں۔ انھیں میرے پاپا سے ڈر لگتا تھا۔ تب میں انھیں سمجھاتي کہ یہ کیا پاگلپن ہے، وہ صرف اس طرح کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اصل زندگی میں ویسے نہیں ہیں۔‘
شردھا کے مطابق جب ان کی سہیلیاں ان کے والد سے ملیں تو ان کی ساری غلط فہمیاں دور ہوئیں اور وہ ان کی فین بن گئیں۔