آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں گروپ 2 کی صورت حال مزید دلچسپ ہو گئی ہے جہاں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں جگا دی ہیں۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے 160 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر کے نیوزی لینڈ کو شکست تو دے دی ہے مگر پاکستان کو اب بھی سری لنکا سے بڑے مارجن سے ہی جیتنا ہوگا۔
انگلینڈ گروپ 2 سے پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ اب پاکستان کو نہ صرف سری لنکا کو ہرانا ہوگا بلکہ اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کے اس وقت تین پوائنٹس ہیں جبکہ اس کا رن ریٹ پاکستان سے کافی بہتر ہے۔ اندازے کے مطابق اگر پاکستان سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے کم از کم 65 رنز سے یہ میچ جیتنا ہوگا اور اگر پاکستان کو ہدف کا تعاقب کرنا پڑتا ہے تو اسے 13ویں اوور میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
انگلینڈ کی جانب سے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ریحان احمد نے اننگز کے آخر میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے یک دم میچ کو اپنی ٹیم کی جانب جھکا دیا۔
ریحان احمد نے صرف 7 گیندوں پر 19 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے ول جیکس نے 18 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کو فتح دلوائی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نیوز لینڈ کے بولرز نے ایک بار پھر اچھا آغاز کیا اور انگلش اوپنرز کو صرف دو کے مجموعی سکور پر ہی پویلین واپس بھیج دیا تھا۔ کیوی سپنرز نے سری لنکا کے خلاف کارکردگی کو جاری رکھا اور انگلش بلے باز کو بھی کھل کر رن بنانے کا موقع نہیں دیا۔
تاہم انگلش بلے بازوں نے بھی پاکستان کے خلاف پرفارمنس کو دہرایا اور کریز پر جم کر آہستہ آہستہ رنز کو آگے بڑھاتے رہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بہتر تھا اور اوپنرز نے 64 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کی۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ ایک بڑا سکور بورڈ پر لگانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
مگر انگلش بولرز نے عمدہ واپسی کی اور نیوزی لینڈ کو 159 تک ہی محدود رکھا۔
