لاہور فیض فیسٹیول میں پتلی تماشہ باقاعدہ سکرپٹ سے کرتے ہیں: رفیع پیر تھیٹر

لاہور فیض فیسٹیول میں پتلی تماشہ باقاعدہ سکرپٹ سے کرتے ہیں: رفیع پیر تھیٹر

الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں تین روزہ دسویں فیض فیسٹیول میں شریک رفیع پیر پتلی تھیٹر سے تعلق رکھنے والے میر محمد نے بتایا کہ ان کا گروپ باقاعدہ سکرپٹ تیار کرتا ہے اور اس کے مطابق پرفارمنس کی جاتی ہے۔

فیض فیسٹول میں جاری اس تھیٹر سے شرکا کو تفریح فراہم کی جا رہی ہے۔ جس کا مقصد چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگوں سے نئی نسل کو روشناس کرانا ہے۔

فیض فیسٹیول ہر سال لاہور میں تین روز کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ جس میں دوسرے شہروں اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبوں کی ماہر شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔ مختلف سیشنز میں موضوعات کے مطابق مقررین اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں اور تفریح کے لیے بھی کئی پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں۔

رفیع پیر تھیٹر کے مینجر میر محمد نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سکولوں اور کالجوں کے علاوہ تقریبات میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس کے لیے باقاعدہ سکرپٹ تیار کیا جاتا ہے پھر فنکاروں کو اس کے مطابق تربیت دی جاتی ہے۔‘

’ہم گذشتہ کئی سالوں سے پتلی تھیٹر کے ذریعے نوجوانوں اور بچوں کو تفریحی انداز میں معاشرتی پیغام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

’اس سال بھی فیض فیسٹیول میں تین روز کے لیے تھیٹر جاری ہے۔ جس میں چاروں صوبوں کی ثقافت اور معاشرتی رویوں میں مثبت رجحان کی ترغیب دی جا رہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آرٹسٹ پتلیوں کے ذریعے مختلف زبانوں اور آوازوں میں فن پیش کرتے ہیں۔ اس کے لیے سخت محنت سے تربیت دی جاتی ہے اور اس کے بعد عوام کے سامنے پتلیوں کی صورت میں تفریحی انداز میں سبق آموز پیغامات دیے جاتے ہیں۔

رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ پاکستان میں جدید تھیٹر، پتلی تھیٹر اور ثقافتی سرگرمیوں کا ایک نمایاں اور تاریخی ادارہ ہے، جس کی بنیاد 1974 میں پاکستان کے معروف جدید ڈرامہ نگار اور آرٹسٹ رفیع پیر کے نام پر رکھی گئی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ ایک غیر سرکاری تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد فنونِ لطیفہ کے فروغ، ثقافت کے تحفظ اور تفریح کے ساتھ ساتھ تعلیمی پیغام کو عام کرنا ہے۔

رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ نہ صرف پاکستان میں پتلی تھیٹر کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے بلکہ اس نے عالمی اور بین الثقافتی سطح پر تسلسل کے ساتھ سالانہ بڑے ثقافتی میلوں اور میگا ایونٹس کو کامیابی سے منعقد کیا۔

رفیع پیر ویب سائٹ کے مطابق یہ ادارہ پاکستان کا سب سے قدیم پتلی تھیٹر ادارہ ہے۔

1992 میں رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ نے پہلے انٹرنیشنل پپٹ فیسٹیول کی تقریبات کے دوران ایک عارضی پتلی نمائش کا اہتمام کیا، جو غیر معمولی طور پر کامیاب رہی۔

اس زبردست عوامی پذیرائی نے پتلیوں کے ایک مستقل میوزیم کے قیام کے تصور کو جنم دیا۔

چار منزلہ خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی پتلی میوزیم کی عمارت تقریباً 25 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ایک وسیع نمائش گاہ رکھتی ہے۔ میوزیم کی پہلی منزل پر مستقل نمائش قائم ہے، جس میں پاکستان اور دنیا کے 40 ممالک سے تعلق رکھنے والی پتلیاں شامل ہیں، جو مختلف اقوام کے فن، ثقافت اور فکری رجحانات کی نمائندگی کرتی ہیں۔

رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ گزشتہ کئی دہائیوں سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پتلی تھیٹر، ثقافتی مکالمے اور فنونِ لطیفہ کے فروغ میں ایک مضبوط اور معتبر شناخت کے طور پر جانی جاتی ہے۔



Source link

اپنا تبصرہ لکھیں