آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں اتوار کو دبئی میں آٹھ سال بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔
کرکٹ کی دنیا میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سے بڑا مقابلہ شاید ہی کوئی ہو۔ یہ مقابلہ اس وقت مزید بڑا اور دلچسپ ہو جاتا ہے جب یہ ٹیمیں کسی آئی سی سی ایونٹ میں آمنے سامنے آئیں۔
1952 سے کرکٹ کے میدانوں پر چلی آ رہی انڈیا اور پاکستان کی یہ تاریخی دشمنی وقت کی کسوٹی پر پوری اتری ہے اور آج بھی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔
جب بھی یہ جنوبی ایشیائی حریف آمنے سامنے ہوتے ہیں تو دونوں ممالک کا جوش و جذبہ ایک نئی سطح پر پہنچ جاتا ہے۔
اس مقابلے کے لیے بھی جوش و خروش اپنے عروج پر ہے خاص طور پر اس لیے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری 50 اوورز کا مقابلہ 2023 میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں ہوا تھا جہاں انڈیا نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اسی طرح دونوں ٹیموں کا آخری مقابلہ نیویارک میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہوا تھا جہاں انڈیا نے صرف چھ رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
مگر چیمپیئنز ٹرافی میں یہ دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ 2017 میں آمنے سامنے آئی تھیں جب پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں انڈیا کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
اب آٹھ سال کے طویل عرصے بعد پاکستان اور انڈیا اتوار کو دبئی میں آمنے سامنے آئیں گے اور یہ میچ ابھی سے ہی پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی صورت اختیار کر چکا ہے، کیونکہ اسے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست ہو چکی ہے۔
دوسری جانب انڈیا نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
’انڈیا کے خلاف کچھ خاص کریں گے‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز ’میچ ونرز‘ ہیں اور چیمپیئنز ٹرافی کے اہم مقابلے میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف کچھ خاص کر دکھائیں گے۔
عاقب جاوید نے دبئی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ بڑے مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’ہمارے پاس تین سپیشلسٹ ہیں اور میں کہوں گا کہ آج کے دور میں یہ بہترین پیس بولنگ آپشنز میں سے ایک ہیں۔ شاہین، نسیم اور حارث۔‘
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ’جب آپ انڈیا کے خلاف کھیلتے ہیں تو ایک خاص احساس ہوتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ تینوں کچھ خاص کر کے دکھائیں گے۔‘
’جیت کی روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے‘
انڈیا کے نائب کپتان شبمن گل کہتے ہیں کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ، جس کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، مداحوں کا پسندیدہ ہو گا لیکن ان کی ٹیم کے لیے ’معمول‘ کی بات ہے۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے کہا کہ ’سچی بات تو یہ ہے کہ ہمارے لیے کچھ بھی نہیں بدلتا۔
’ہم ہر میچ جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں اور ہمارے لیے یہ اصول کسی بھی میچ کے لیے مختلف نہیں ہوتا۔ یہی انداز ہے جس سے ہم اپنی تیاری کرتے ہیں لہٰذا ہم اس میچ کی تیاری بھی اسی طرح کریں گے۔‘
شبمن گل نے کہا کہ وہ مداحوں کے جوش و خروش سے انکار نہیں کر سکتے۔
’انڈیا اور پاکستان کی طویل تاریخ ہے اور جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آتی ہیں تو یہ ایک بہت ہی سنسنی خیز مقابلہ ہوتا ہے۔‘
