سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں منگل کو وزارت خارجہ کے حکام نے انکشاف کیا کہ لیبیا میں پیش آنے والے حالیہ کشتی حادثے میں کل 73 افراد سوار تھے جن میں سے 63 کا تعلق پاکستان سے ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے حکام نے منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں بتایا ہے کہ 63 پاکستانیوں میں سے زیادہ تر کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کرم اور باجوڑ سے ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کے علاوہ اس کشتی میں دس بنگلہ دیشی بھی سوار تھے۔
دفتر خارجہ کے ڈی جی کرائسز مینجمنٹ شہزاد حسین نے اجلاس میں بتایا کہ ’لیبیا میں کشتی ڈوبنے کے حالیہ واقعے کی جانچ کی جا رہی ہے جبکہ حادثے میں بچ جانے والے تین پاکستانیوں نے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے جن سے مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔‘
