بالی وڈ اداکار پر ہراسانی کا مقدمہ

بالی وڈ اداکار پر ہراسانی کا مقدمہ

انڈیا میں ایک خاتون نے بالی وڈ ادکار شرد کپور پر بدتمیزی اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کا الزام لگایا ہے۔

شرد کپور ’جوش‘، ’ایل او سی کارگل‘ اور ’لکشیا‘ جیسی فلموں کی بدولت جانے جاتے ہیں۔

اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے کھار کے تھانے میں 32 سالہ خاتون نے شکایت درج کروائی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ شرد کپور نے انہیں اپنے گھر بلایا جہاں انہوں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا اور انہیں زبردستی چھونے کی کوشش کی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی شرد کپور سے پہلی ملاقات فیس بک پر ہوئی اور بعد میں ویڈیو کالز کے ذریعے بات چیت ہونے لگی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شرد نے مبینہ طور پر انہیں بتایا کہ وہ ایک فلم شوٹ پر بات کرنے کے لیے ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے خاتون کو اپنی لوکیشن بھیجی اور کہا کہ وہ کھار میں واقع ایک دفتر میں آ جائیں۔ تاہم جب خاتون وہاں پہنچیں تو پتہ چلا کہ یہ آفس نہیں بلکہ ان کا گھر تھا۔

مکان کی تیسری منزل پر پہنچنے پر ایک شخص نے دروازہ کھولا۔ شرد کی آواز سنائی دی اور انہیں بیڈروم میں آنے کا کہا گیا۔

بعد میں اسی روز شام کو اداکار نے خاتون کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا جس میں نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ متاثرہ خاتون نے یہ سارا واقعہ ایک دوست کو بتایا جنہوں نے کھار پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے نتیجے میں اداکار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ’ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ اس جرم کی سزا سات سال سے کم ہے جو سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق گرفتاری کے لیے ایک معیار ہے۔ ہم نے انہیں نوٹس بھیجا ہے کہ وہ تفتیش کے لیے پولیس کے روبرو حاضر ہوں۔‘

دوسری جانب رابطہ کرنے پر اداکار شرد کپور نے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں نیویارک میں ہوں اور مبینہ واقعے کے وقت ملک میں موجود نہیں تھا۔ میں نے کبھی ایسا غلط کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی اس کا تصور کیا۔ میں اس خاتون سے صرف ایک بار ملا ہوں۔ میرے خلاف درج کی گئی شکایت جھوٹی ہے۔‘

 انہوں نے مزید کہا کہ ان کا نمائندہ جلد ہی پولیس کے نوٹس کا جواب دے گا۔



Source link

اپنا تبصرہ لکھیں