چاند کی طرف واپسی؛ ناسا نے آرٹیمس مشن کی تاریخ مقرر کردی
مشن کے دوران چار خلا نورد تقریباً 10 روزہ سفر پر روانہ ہوں گے
امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنے آرٹیمس پروگرام کے تحت چاند کی جانب اگلا مشن بھیجنے کی تیاریوں کا اعلان کردیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق مشن کی روانگی کے لیے 6 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، تاہم اس مشن کا مقصد نصف صدی سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ خلا نوردوں کو چاند کے گرد بھیجنا ہے، جو انسانی خلائی تحقیق میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جارہا ہے۔
مشن کے دوران چار خلا نورد تقریباً 10 روزہ سفر پر روانہ ہوں گے۔ وہ چاند کے پچھلے حصے کے گرد چکر لگانے کے بعد بحفاظت زمین پر واپسی کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم مستقبل کی مزید خلائی پروازوں کی بنیاد رکھے گی۔
ناسا کو امید ہے کہ آرٹیمس پروگرام کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیاں انسانوں کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کی راہ ہموار کریں گی۔
تاہم، طویل المدتی منصوبے کے تحت چاند پر ایک مستقل اڈہ قائم کرنے کی تیاری بھی کی جارہی ہے، جو آئندہ مریخ مشنز کے لیے لانچ پیڈ کا کردار ادا کرسکتا ہے۔
