پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی(پی ٹی اے) نے ویب مانیٹرنگ سسٹم(ڈبلیو ایم ایس) کے تحت آن لائن مواد بلاک کرنا شروع کردیا۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ویب مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے 2369 یو آر ایل اور 183 موبائل ایپلیکیشنز بلاک کردیں۔
وزیر انچارج کابینہ ڈویژن نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں تفصیلات بتا دیں۔ بلاک کی گئیں ویب سائٹس شہریوں کا ذاتی ڈیٹا ظاہر کرنے میں ملوث تھیں جبکہ ایپلیکیشنز شہریوں کی شناختی معلومات پبلک کرنے میں ملوث تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کا ڈبلیو ایم ایس سسٹم ڈیپ پیکٹ انسپکشن کا حامل ہے۔ یہ سسٹم گیٹ وے لیول پر انٹرنیٹ ٹریفک کنٹرول کرنے میں مددگار ہے۔
پی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے غیرقانونی مواد کو بلاک کرنے کا آغاز ہوگیا ہے۔ نظام کے ذریعے اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والی آئی ڈیز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ نظام کے ذریعے پی ٹی اے مواد بلاکنگ میں خود کفیل ہوگیا ہے۔