ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا استعمال دنیا بھر میں کروڑوں کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس میں کیا جا رہا ہے مگر اب اس میں بڑی تبدیلی کی جارہی ہے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 11 کے تمام صارفین کے لیے اسٹارٹ مینیو میں اشتہارات کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اسٹارٹ مینیو کے ریکومینڈیشن سیکشن میں اب مائیکرو سافٹ اسٹور کی کچھ ایپس نظر آئیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ ایپس مخصوص ڈویلپرز کی ہوں گی اور اشتہارات کا مقصد ونڈوز 11 کے صارفین کو مزید ایپس دریافت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ آپ ان اشتہارات یا ریکومینڈیشنز کو ڈس ایبل کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کی ونڈوز 11 حال ہی میں اپ ڈیٹ ہوئی ہے تو سیٹنگز میں پرسنلائزیشن اور پھر اسٹارٹ آپشن میں جاکر شو ریکومینڈیشنز فار ٹپس کو ٹرن آف کر دیں۔