سست وائی فائی سے پریشان ہیں؟ خوشخبری یہ ہے کہ چند سادہ اور آزمودہ تبدیلیوں کے ذریعے آپ اپنے انٹرنیٹ کی رفتار میں واضح بہتری لاسکتے ہیں۔
آج کے ڈیجیٹل دور میں سست انٹرنیٹ کسی پریشانی سے کم نہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ وائی فائی صرف چلے ہی نہیں بلکہ واقعی دوڑے تو چند بنیادی عادات اور درست سیٹنگز اپناکر آپ انٹرنیٹ اسپیڈ میں نمایاں بہتری لاسکتے ہیں۔
ذیل میں وائی فائی اسپیڈ تیز کرنے کے 5 آسان طریقے بتائے جارہے ہیں جو واقعی مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
1۔ روٹر کو درست جگہ پر رکھیں
وائی فائی روٹر کی جگہ اس کی اسپیڈ اور رینج پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ روٹر کو گھر کے عین درمیان، کسی میز یا شیلف پر رکھنا بہتر ہوتا ہے۔
دیواروں اور کونوں سے دور رکھنے سے سگنلز یکساں طور پر پورے گھر میں پھیلتے ہیں اور ڈیڈ اسپاٹس سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
2۔ برقی آلات سے مناسب فاصلہ رکھیں
اکثر لوگ روٹر کو ٹی وی یا لینڈ لائن فون کے قریب رکھ دیتے ہیں جس سے سگنلز متاثر ہوتے ہیں۔ بہتر ہے کہ روٹر کو ٹی وی، فون، ایل ای ڈی لائٹس، اسپیکرز، مانیٹرز اور اے سی پاور کیبلز سے دور رکھا جائے تاکہ انٹرفیرنس کم ہو۔
3۔ وائرلیس ڈیوائسز سے دوری اختیار کریں
بلیوٹوتھ اسپیکرز، بے بی مانیٹرز اور دیگر وائرلیس آلات بھی وائی فائی سگنلز میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ اگر ممکن ہو تو روٹر کو ان ڈیوائسز سے مناسب فاصلے پر رکھیں تاکہ سگنلز مضبوط رہیں۔
4۔ انٹینا کی طاقت بڑھانے کا گھریلو طریقہ
ایک سادہ مگر مؤثر طریقہ یہ ہے کہ کولڈ ڈرنک کے خالی کین کو کاٹ کر روٹر کے انٹینا کے پیچھے لگایا جائے۔ یہ طریقہ سگنلز کو ایک سمت میں فوکس کرنے میں مدد دیتا ہے اور رینج میں بہتری لاسکتا ہے۔
5۔ وائی فائی نیٹ ورک کو پاس ورڈ سے محفوظ رکھیں
کھلا وائی فائی نیٹ ورک رفتار کم ہونے کی بڑی وجہ بن سکتا ہے۔ مضبوط پاس ورڈ لگاکر غیر ضروری صارفین کو روکا جا سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی چیک کریں کہ کون سی ڈیوائسز نیٹ ورک استعمال کر رہی ہیں کیونکہ زیادہ ڈیوائسز اسپیڈ کو متاثر کرتی ہیں۔
