وائٹ بریڈ صحت کے لیے مفید ہے یا مضر؟ ماہرین کیا کہتے ہیں
دنیا بھر میں ناشتے میں چائے یا انڈے کے ساتھ وائٹ بریڈ کو بہت ہی شوق سے کھایا جاتا ہے، تاہم یہ صحت کے لیے اتنی صحت بخش نہیں جتنا اسے کثرت سے کھایا جاتا ہے۔
یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ وائٹ بریڈ ایک پروسیس شدہ غذا ہے جس کی ساخت دوسری روٹیوں کے مقابلے میں نرم اور ہلکی ہوتی ہے اور یہ مکمل گندم کی روٹی کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک تازہ رہتی ہے۔
تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے ڈبل روٹی کا استعمال ذیابیطس اور موٹاپا جیسے صحت کے مسائل کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
نظام ہاضمہ کے لیے مفید نہیں
سالم اناج ایسے کاربوہائیڈریٹ ہیں جن میں فائبر اور دیگر غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو نظام ہاضمہ کی صحت میں مدد دیتے ہیں، تاہم سفید ڈبل روٹی ان اہم اجزاء سے خالی ہوتی ہے، لہذا یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد نہیں کرتی۔
یہ وزن میں اضافہ کا باعث بن سکتی ہے
سفید ڈبل روٹی کا باقاعدگی سے استعمال وزن بڑھنے کاسبب بن سکتا ہے، وائٹ بریڈ کے ایک سلائس میں 73 کیلوریز ہوتی ہے۔ کیونکہ اس میں فائبر اور پروٹین کی کمی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ بھوک کو نہیں مٹاتی اس لیے آپ زیادہ کھاتے ہیں جو آپ کے وزن کو بڑھا سکتا ہے۔
کیا یہ کوئی افادیت رکھتی ہے؟
وائٹ ڈبل روٹی کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ہوتی ہے، جو ہمارے جسم کو فوری توانائی فراہم کرتی ہیں۔ اگرچہ مکمل گندم کی روٹی بہتر ہوتی ہے، لیکن میدے سے تیار ڈبل روٹی بھی کاربوہائیڈریٹس فراہم کرتی ہے۔ ماہرین عموماً مشورہ دیتے ہیں کہ بالغ افراد روزانہ دو سے تین حصے مکمل اناج کے کھائیں۔ سفید روٹی کو اعتدال میں کھانا بہتر ہے اور پروٹین یا فائبر سے بھرپور کھانے کے ساتھ کھانے کی کوشش کریں تاکہ خون میں شوگر کی سطح مستحکم رہے۔