موبائل سمز بند کرنے کے حوالے سے بڑی خبر آگئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے موبائل سمز بند کرنے کے احکامات پر 10 روز سے زائد گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ تاہم اب ایف بی آر نے اس حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
ایف بی آر نے 15 مئی تک 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی سمز بند نہ کرنے پر ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے پی ٹی اے، ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کیلئے قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کردی ہے۔
ایف بی آر، وزارت خزانہ حکام پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف درخواست دائر کرنے پر متفق ہیں۔
یاد رہے سمز بلاک کرنے پر ایف بی آر اور موبائل کمپنیوں میں مذاکرات ناکام ہو گئے تھے، موبائل کمپنیوں کی جانب سے نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے سے انکار کیا گیا تھا۔
ٹیلی کام کمپنیوں کا کہنا تھا کہ سموں کی بندش پر عمل درآمد کرنے میں قانونی مسائل ہیں۔