ایک وقت تھا جب لوگ رات جلدی سوجاتے تھے اورصحت مند رہتے ہیں، لیکن اب یہ لوگ رات میں جلدی سونے کے بجائے مختلف اسکرین پر اپنا وقت صرف کرتے ہیں اور بیمار رہتے ہیں۔
تو بہتر صحت کے لیے رات میں کتنے بجے سویا جائے؟
نیند کے ماہرین کا کہنا ہے کہ رات میں سونے کے لیے نیند کا بہترین وقت رات 10 بجے ہے، یعنی اس وقت تک آپ کو سو جانا چاہیے۔
ماہرین اس کی وجہ یہ بتاتے ہیں کہ جب آپ رات میں 10 بجے سوتے ہیں تو اس طرح آپ رات کے پہلے حصے میں زیادہ وقت گہری نیند میں گزارتے ہیں، جب آپ سوتے رہتے ہیں تو یہ گہری نیند کے مراحل کم ہو جاتے ہیں اور زیادہ وقت آر ای ایم (REM) نیند میں گزرتا ہے۔
گہری نیند، جسے سلو ویو (Slow-wave) نیند یا ڈیلٹا نیند بھی کہا جاتا ہے، تقریباً 20 سے 40 منٹ تک جاری رہتی ہے اور یہ آر ای ایم نیند سے پہلے ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گہری نیند دن بھر جسم میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت اور نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے، یہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور خلیات کی دوبارہ افزائش میں مدد کرتی ہے، اس کے علاوہ پٹھوں اور ہڈیوں کو مضبوط بنانے، دماغ کی سرگرمی کو سست کرنے اور بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
گہری نیند زیادہ تر رات کے ابتدائی حصے میں آتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ماہرین نے بہترین نیند کا وقت رات 10 بجے سے 2 بجے کے درمیان بتایا ہے اس طرح جلدی سونے سے بہتر معیار کی نیند حاصل ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ انسانی جسم میں 80 فیصد گروتھ ہارمون رات 10 بجے سے 2 بجے کے درمیان بنتا ہے، یہ ہارمون قوت مدافعت کو بڑھانے، کولیجن کو ٹھیک کرنے، چربی کو جلانے اور جسمانی ٹشوز کی دوبارہ پیدائش میں مدد کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بالغ افراد کو ہر رات سات سے نو گھنٹے کی نیند لینی چاہیے تاکہ وہ نیند کی کمی میں مبتلا نہ ہو۔حالیہ تحقیق کے مطابق، اگر آپ رات 1 بجے تک سو جاتے ہیں تو اس طرح آپ مختلف ذہمی امراض جیسے ڈپریشن اور بے چینی سے محفوظ رہتے ہیں۔
مزید یہ کہ رات کو جلد سونے سے آپ کی نیند کے سائیکل قدرتی سرکیڈین ردھم کے مطابق ہوتے ہیں جو دن اور رات کی روشنی اور اندھیرے سے جڑے ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو نیند آنے میں وقت لگتا ہے، تو یہ صحٹ کے حوالے سی خرابی کی علامت ہوسکتی ہے۔ نیند آنے میں جتنا وقت لگتا ہے اسے “نیند لیٹنسی” کہا جاتا ہے، اور اس کے لیے کچھ حدود ہیں تاکہ آپ کو بہترین نیند مل سکے۔ نیند کے ماہرین کا اتفاق ہے کہ اگر آپ کو بہت جلدی یا بہت دیر سے نیند آتی ہے تو یہ فکر کی بات ہو سکتی ہے۔
اچھی نیند کے لیے ماہرین کمرے میں اندھیرے اوراسکرین ٹائم کو کم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، اس کے علاوہ شام کے وقت ورزش کرنا اور پھلوں اور سبزیوں سے بھرپور غذا کھانے سے بھی نیند کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔