اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے حتمی انفارمیشن میمورنڈم (ائی ایم) جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے ترمیم شدہ انفارمیشن میمورنڈم کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا، جس میں مشاورتی عمل کے دوران آپریٹرز کے سوالات کو شامل کیا گیا ہے۔
حتمی دستاویز میں کنسلٹنٹ کی سفارشات کے مطابق بعض تعریفوں کی وضاحت کی گئی ہے، تاہم بنیادی قیمت اور ادائیگی کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سروس کے معیار اور رول آؤٹ ذمہ داریوں کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کیلئے انفارمیشن میمورنڈم کو حتمی شکل دے دی گئی
پی ٹی اے نے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی تاریخ 10 مارچ 2026 کو مقرر کی ہے، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 فروری 2026 رکھی گئی ہے۔ اہل بولی دہندگان کی فہرست 3 مارچ کو جاری کی جائے گی۔ نیلامی میں کم، درمیانی اور بلند فریکوئنسی بینڈز کا اسپیکٹرم پیش کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر تقریباً 597.2 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے دستیاب ہوگا۔
پی ٹی اے کی جانب سے لائسنس کے اجرا کے بعد چھ سے سات ماہ میں کمرشل فائیو جی سروسز شروع ہونے کی توقع ہے۔
