نئے سال کی پہلی ایڈوائزری جاری؛ صارفین کسی انجان لنک پر کلک کرنے سے پہلے ضرور سوچیں
ایڈوائزری میں صارفین کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پاسورڈز کو مضبوط رکھیں
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے صارفین کے لیے نئے سال کی پہلی ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں سائبر کرائمز سے بچاؤ کے لیے چند احتیاطی تدابیر فراہم کی گئی ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز اب صرف تکنیکی راستوں کا استعمال نہیں کرتے، بلکہ وہ صارفین کے جذبات، لالچ، یا خوف کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ذاتی معلومات چوری کرتے ہیں۔ پڑھے لکھے افراد بھی ان حملوں کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ انٹرنیٹ پر ہونے والی تمام سرگرمیوں میں احتیاط برتی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹیگیشن ایجنسی کو نئے اختیارات مل گئے
ایڈوائزری میں صارفین کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پاسورڈز کو مضبوط رکھیں، پاسورڈز کے لیے وہ اپنا نام یا سادہ اعداد ہرگز استعمال نہ کریں۔ اپنے تمام اکاؤنٹس پر ٹوفیکٹر تصدیق یعنی ٹو ایف اے ضرورآن کریں۔ یہ آپ کے ڈیجیٹل گھر پر اضافی اور مضبوط تالالگانے کے مترادف ہے۔
این سی سی آئی اے نے صارفین کو یہ سنہری اصول اپنانے کی ہدایت کی ہے کسی بھی انجان لنک پرکلک نہ کریں،نہ ہی فون پرکسی کو اپنا اوٹی پی بتائیں، اگر کوئی میسج آپ کوغیر معمولی انعام کا لالچ دے تویقیناً فراڈ ہے۔
