رمضان سے پہلے جسمانی اور روحانی تیاری کے چند آسان طریقے

رمضان سے پہلے جسمانی اور روحانی تیاری کے چند آسان طریقے

رمضان المبارک 2026 کی آمد میں چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور مسلمان اس مقدس مہینے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، امکانی طور پر رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہو سکتا ہے، اس سال روزوں کا دورانیہ گزشتہ برس کے مقابلے میں قدرے کم ہوگا، جس کے باعث روزہ داروں کو سہولت ملنے کا امکان ہے۔

رمضان المبارک صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ مہینہ عبادت، صبر، نظم و ضبط اور روحانی تربیت کا پیغام دیتا ہے۔ اگر رمضان سے قبل چند عملی اقدامات کر لیے جائیں تو روزے رکھنا آسان ہو جاتا ہے اور عبادات میں یکسوئی بھی پیدا ہوتی ہے۔

نفلی روزوں کا اہتمام کریں

رمضان سے پہلے نفلی روزے رکھنا بہترین عادت ہے۔ اس سے نہ صرف ثواب حاصل ہوتا ہے بلکہ جسم بھی آہستہ آہستہ طویل وقفے تک بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا عادی ہوجاتا ہے۔

اگر کوئی شخص یکدم یکم رمضان کو روزہ رکھنا شروع کرے تو جسم پر دباؤ بڑھ سکتا ہے جبکہ نفلی روزوں کے ذریعے جسم کو پہلے ہی تیار کیا جاسکتا ہے۔

کھانے پینے کے اوقات میں بتدریج تبدیلی

رمضان میں کھانے پینے کے اوقات مکمل طور پر بدل جاتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ رمضان سے پہلے ہی اپنے معمولات میں آہستہ آہستہ تبدیلی لائی جائے۔

مثال کے طور پر رات کے کھانے کو جلدی کر لینا اور غیر ضروری اسنیکس سے پرہیز کرنا رمضان میں آسانی پیدا کرتا ہے۔

ناشتے کو صبح سویرے کی عادت بنائیں

رمضان میں سحری کا وقت طلوعِ فجر سے پہلے ہوتا ہے، اس لیے رمضان سے پہلے ہی اپنے ناشتے کا وقت جلدی کر لینا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

اگر انسان چند ہفتے پہلے سے صبح جلدی اٹھنے اور جلدی کھانے کی عادت ڈال لے تو سحری کے وقت بھوک نہ لگنے یا طبیعت بوجھل ہونے کی شکایت کم ہوجاتی ہے۔

غیر ضروری کھانے سے گریز کریں

رمضان سے قبل کوشش کریں کہ کھانے پینے کو صرف مخصوص اوقات تک محدود رکھا جائے۔ راستے میں، دفاتر میں یا بلاوجہ بار بار کھانے کی عادت ترک کرنے سے جسم رمضان کے نظم و ضبط کو آسانی سے قبول کر لیتا ہے۔

اسی طرح رات کے کھانے کو مغرب کے قریب لانے کی کوشش بھی فائدہ مند ہوسکتی ہے۔

چائے، کافی اور سگریٹ نوشی میں کمی

اگر کوئی شخص زیادہ چائے یا کافی پینے کا عادی ہو تو رمضان سے پہلے اس میں کمی کرنا ضروری ہے کیونکہ رمضان میں کیفین کی کمی کی وجہ سے اکثر لوگوں کو سر درد اور بے چینی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسی طرح سگریٹ نوشی کرنے والوں کیلئے رمضان سے پہلے سگریٹ کی تعداد کم کرنا فائدہ مند ہے تاکہ رمضان میں اچانک چھوڑنے کی وجہ سے طبیعت پر زیادہ اثر نہ پڑے۔

رمضان کو آسان اور بہتر بنانے کا طریقہ

رمضان سے پہلے معمولاتِ زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں لاکر نہ صرف روزے آسان بنائے جاسکتے ہیں بلکہ عبادات کیلئے وقت اور توانائی بھی بچائی جا سکتی ہے۔

یہ مہینہ ایک نعمت ہے، جسے بہتر انداز میں گزارنے کیلئے ذہنی، جسمانی اور روحانی تیاری انتہائی ضروری ہے۔



Source link

اپنا تبصرہ لکھیں