دنیا بھر میں کتنے لوگ چیٹ جی پی ٹی استعمال کررہے ہیں؟
کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں کتنے لوگ چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ٹولز استعمال کررہے ہیں؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق بیشتر افراد اے آئی ٹولز کو استعمال کرنا پسند ہی نہیں کرتے ہیں۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ حقیقی دنیا میں اے آئی ٹیکنالوجی اتنی بھی زیادہ مقبول نہیں جتنا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
جو افراد جنریٹیو اے آئی ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی، گوگل جیمنائی یا مائیکرو سافٹ کو پائلٹ استعمال کرتے ہیں، ان میں سے بھی زیادہ تر اے آئی ٹولز کو کبھی کبھار ہی استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق زیادہ تر افراد (امریکا کے 47 فیصد اور برطانیہ کے 42 فیصد) تو ایسے ہیں جو چیٹ جی پی ٹی کے نام سے بھی واقف نہیں، یہ شرح دیگر اے آئی ایپس میں بہت زیادہ ہے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ زیادہ تر افراد اے آئی ٹولز کو بیکار سوالات کے جواب جاننے کے لیے استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ افراد اس ٹیکنالوجی کو تصاویر بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 18 سے 24 سال کی عمر کے 60 فیصد افراد کے خیال میں اے آئی ٹیکنالوجی آئندہ 5 برسوں میں ہماری زندگیوں کو تبدیل کر دے گی مگر 55 سال یا اس سے زائد عمر کے محض 41 فیصد افراد اس سے اتفاق کرتے ہیں۔
