برقی گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری
برقی گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے جدید شاہکار پاکستان میں متعارف
آڈی پاکستان نے اپنے برقی گاڑیوں کے سلسلے میں ایک اور جدید شاہکار متعارف کرا دیا ہے۔
ای ٹران 50 اور ای ٹران جی ٹی کی کامیابی کے بعد اب آڈی کیو سکس ای ٹران باضابطہ طور پر پاکستان میں دستیاب ہو گئی ہے۔
یہ نئی برقی گاڑی آڈی کے جدید الیکٹرک پلیٹ فارم پر تیار کی گئی ہے، جو طاقت، کارکردگی اور اسٹائل کا بہترین امتزاج پیش کرتی ہے جبکہ گاڑی کا مضبوط فریم، چوڑی فرنٹ گرل اور دلکش ڈیزائن اسے منفرد شناخت دیتا ہے۔
آڈی کیو سکس ای ٹران کی سب سے بڑی خصوصیت ہے ڈیجیٹل لائٹ سگنیچر ٹیکنالوجی، جو صارفین کو گاڑی کی لائٹس کا ڈیزائن اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرنے کی سہولت دیتی ہے۔
اندرونی حصے میں گاڑی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، جس میں بڑی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اسکرینیں اور اینڈرائیڈ بیسڈ انفوٹینمنٹ سسٹم شامل ہیں۔
لمبے سفر کے لیے آرام دہ نشستیں اور مساج فیچر بھی فراہم کیا گیا ہے، جو ڈرائیونگ کے تجربے کو مزید پُرسکون بناتا ہے۔
کارکردگی کے لحاظ سے گاڑی میں 456 ہارس پاور کی طاقت اور 225 کلو واٹ آور کی دو بیٹریاں نصب ہیں، جو ایک چارج پر 625 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ تیز رفتار چارجنگ کی بدولت گاڑی صرف 21 منٹ میں 10 سے 80 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔
حفاظتی نظام میں بھی آڈی کیو سکس ای ٹران جدید ترین سہولیات فراہم کرتی ہے، جن میں خودکار ایمرجنسی بریک، لین اسسٹ اور 360 ڈگری کیمرہ سسٹم شامل ہیں، جو ڈرائیونگ کو محفوظ اور پُرسکون بناتے ہیں۔
آڈی کیو سکس ای ٹران نہ صرف ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے بلکہ پاکستان میں برقی گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے ایک خواب حقیقت میں بدلنے کے مترادف ہے۔
