روزہ رکھنا ہمیشہ سے ہی صحت کا ضامن رہا ہے تاہم موجودہ زمانے میں اس حوالے سے ایک نئی اصطلاح کافی مقبولیت حاصل کر رہی جسے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کہا جاتا ہے۔
یہ ایک ڈائٹ پلان ہے جسے لوگوں کا وزن کم کرنے اور صحت بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایاگیا ہے، اس میں دن کے ایک مخصوص وقت میں کھانے سے گریز کیا جاتا ہے تاہم پانی اور کاربوہائیڈریٹ سے پاک مشروبات جیسے پانی اور ہربل ٹی کی اجازت ہوتی ہے۔
یہ فاسٹنگ مختلف دورانئے کی ہوتی ہے جس میں 16، 14 اور سب سے کم 12 گھنٹے تک کی فاسٹنگ شامل ہیں، جتنی طویل دورانیہ کی فاسٹنگ ہوگی اتنے ہی زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔
اگرچہ یہ فاسٹنگ ہر ایک کے لئے موزوں نہیں ہوسکتی، لیکن یہ کئی صحت کے فوائد فراہم کرتی ہے جو یہاں پیش کیے جارہے ہیں۔
خون میں شوگر کی بہتر سطح
تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ ذیابیطس کے مریضوں اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے میں مبتلا افراد میں خون میں شوگر کی سطح کو توازن میں رکھتی ہے۔ ایک مطالعے میں، پری ذیابیطس کے مریضوں نے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کے بعد خون میں گلوکوز (شوگر) اور ٹرائی گلیسرائیڈ (ایک قسم کی چربی) کی سطح میں نمایاں کمی نوٹ کی۔
ایک اور تحقیق کے مطابق 90 فیصد شرکاء نے جب انٹرمٹنٹ فاسٹنگ شروع کی تو نہ صرف ان کی ادویات کی مقدار کم ہوئی بلکہ ان میں سے آدھے سے زیادہ نے تین ماہ کے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کے بعد ذیابیطس کے مرض سے چھٹکارا بھی حاصل کرلیا۔
سوزش سے تحفظ
روزہ مجموعی طور پر دائمی سوزش کی سطح کو کم کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں، مدافعتی نظام کی فعالیت میں اضافہ ہوتا ہے اور کچھ دائمی امراض کا خطرے کم ہوجاتا ہے۔
وزن میں کمی
انٹرمٹنٹ فاسٹنگ جسم کو کم کیلوریز لینے، جسم میں موجود چربی کو توانائی کے لیے استعمال کرنے، اور ممکنہ طور پر بھوک کے ہارمونز کو متاثر کرتا ہے، جس سے وزن کم ہوتا ہے۔
ایک جائزے کے مطابق اس طرح خوراک کی منصوبہ بندی پر عمل کرنے والے افراد نے 10 ہفتوں میں تقریباً 7 سے 11 پاؤنڈ وزن کم کیا۔
گروتھ ہارمون کی پیداوار بڑھاتا ہے
روزہ انسانی growth hormone (HGH) کی سطح بڑھاتا ہے، جو نشوونما، وزن کو توازن میں رکھنے، میٹابولزم اور پٹھوں کی طاقت میں مددگار ہوتا ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ HGH کی سطح صرف 24 گھنٹے کے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کے ساتھ بہت زیادہ بڑھ سکتی ہے اور تھوڑے طویل دورانیئے 37.5 گھنٹے کے روزے کے ساتھ دس گنا بڑھ سکتی ہے۔
بہتر دل کی صحت
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ متبادل دنوں کے روزے رکھنے سے موٹے لوگوں میں کل کولیسٹرول کی سطح اور دل کی بیماری کے خطرے کے کچھ عوامل کو کم کرنے میں مدد ملی۔
ایک اور مطالعے سے یہ بات سامنے آئی کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کرنے والے افراد میں بلڈ پریشر، کولیسٹرول، اور کم کثافت والے لیپوپروٹین (LDL) کولیسٹرول کی سطح کو کم ہوئی، جس سے موٹے یا اوسط وزن والے افراد میں دل کی بیماری کے خطرے کے عوامل کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
دماغ کی فعالیت میں بہتری اور نیوروجنریٹیو امراض سے بچاؤ
جانوروں کے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ دماغ کی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے کیونکہ یہ اعصابی خلیوں کی حمایت کرتا ہے جو ذہنی فعالیت میں مدد دیتے ہیں۔
کینسر کی روک تھام میں مددگار
روزہ رکھنے کے طریقے وزن میں کمی اور میٹابولک فعالیت کو بہتر بنا سکتے ہیں، جو ذیابیطس اور کچھ قسم کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
عمر میں اضافہ
کچھ محققین نے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کو عمر میں اضافے سے جوڑا ہے، یہ عمل عمر سے متعلق دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے اور مدافعتی نظام، آنتوں کے بیکٹیریا کے ماحول، اور عمر کے اثرات کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔