بہتر صحت کے لیے ضروری ہے کہ جسم میں تمام ہی ضروری غذائی اجزاء درست تناسب میں موجود ہوں تاکہ جسم افعال کو بہتر انداز میں انجام دے سکیں انہیں میں پروٹین بھی شامل ہیں۔
پروٹین کی افادیت سے کون واقف نہیں، یہ جسم کی صحت کے لیے ایک لازمی جز ہے، جو پٹھوں، ہڈیوں اور جلد کو بنانے اور ان کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے میں اہم کرادار ادا کرتا ہے۔
عام خیال ہے کہ پروٹین جانوروں جیسے گوشت، انڈے اور دودھ سے حاصل کیا جاتا ہے تاہم ایسا نہیں ہے کہ کچھ سبزیاں اس ضمن میں خاص اہمیت رکھتی ہیں اور ان میں پروٹین کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔
یہاں پر ان ہی پودوں پر مبنی پروٹین کے بارے میں بتایا جارہا ہے جن کو غذا میں شامل کرنے سے نہ صرف آپ کو اپنی پروٹین کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ ان میں موجود جسم کے لیے ضروری وٹامنز، معدنیات، فائبر اور مفید پودوں کے مرکبات بھی حاصل ہوسکتے ہیں جوصحت مند رہنے کے لیے درکار ہیں۔
پالک
پالک کو سبزیوں میں سب سے زیادہ غذائیت والی سبزی تصور کیا جاتا ہے۔ ایک کپ پکے ہوئے پالک میں صرف 49 کیلوریز کے ساتھ 6 گرام پروٹین ہوتا ہے۔پالک بیماریوں سے لڑنے والے اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور معدنیات سے بھی بھرا ہوا ہوتا ہے جو آپ کی صحت کے لیے ضروری سمجھے جاتے ہیں۔
دالیں
دال، مٹر، اور پھلیاں پروٹین سے بھرپور سبزیاں ہیں، ان سبزیوں میں پائے جانے والے فائبر، فولیٹ، پوٹاشیم اور دیگر ضروری غذائی اجزاء گوشت، پولٹری اور مچھلی کی طرح غذائیت رکھتے ہیں۔
چنے
چنے ایک سستی، غذائیت سے بھرپور پھلیاں ہیں۔ پکے ہوئے چنے کا ایک کپ 14.5 گرام پروٹین فراہم کرتا ہے، جس میں 45 فیصد DV فائبر ہوتا ہے۔ ان میں وٹامنز، معدنیات اور پولیفینول بھی زیادہ مقدار میں موجود ہوتے ہیں جوکہ ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہیں۔
بروکولی
بروکولی بھی ایک نہایت صحت بخش سبزی ہے جس میں دیگر سبزیوں کی نسبت زیادہ پروٹین موجود ہوتا ہے ایک درمیانی پکی ہوئی بروکولی 4 گرام پروٹین فراہم کرتی ہے۔ اس میں وٹامن سی بھی ہوتا ہے، یہ ایک قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ ہے جو پودوں کے ذرائع سے جذب ہونے والے آئرن کی مقدار کو بڑھا سکتا ہے۔وٹامن سی صحت مند مدافعتی نظام اور کولیجن کی پیداوار کے لیے بھی اہم ہے، جو کہ زخم کی شفا یابی اور جلد کی صحت کے لیے ضروری پروٹین ہے۔