سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں نے انتظامیہ کی جانب سے آئندہ ہفتے سابق وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کی یقین دہانی کے بعد راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر منگل کو رات گئے دھرنا ختم کر دیا۔
عمران خان کی بہن نورین نیازی نے دھرنا ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ آئندہ منگل کو ان کی سابق وزیر اعظم سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا وعدہ کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کو 5 اگست 2023 کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں مختلف مقدمات میں سزا ہوئی جو وہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کاٹ رہے ہیں۔
نورین نیازی نے واضح کیا کہ آئندہ ہفتے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں احتجاج دوبارہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے، سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور نورین نیازی کی قیادت میں منگل کو اڈیالہ جیل کے کچھ فاصلے پر گورکھپور کے مقام پر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا۔ وہ عمران خان کے اہل خانہ کی ان سے جیل میں ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
کئی پی ٹی آئی کارکن اور رہنما عمران خان کی بہنوں کی قیادت میں منگل کی دوپہر اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے اور ملاقات کی اجازت چاہی تھی۔
جیل انتظامیہ نے انہیں واپس جانے کا کہا جس پر پی ٹی کارکنوں ضلعی پولیس اور جیل اہلکاروں کے درمیان بحث ہوئی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملاقات سے انکار پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجاً دھرنا دیا جو رات گئے تک جاری رہا۔
پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری نے انڈپینڈنٹ اردو کو منگل کی رات بتایا کہ پولیس حکام اور علیمہ خان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا پرامن طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
’انتظامیہ کی مظاہرین کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد علیمہ خان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔‘
دھرنا ختم ہونے کے بعد عمران خان کی بہن نورین نیازی نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ ہفتے ان کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے گی۔
نورین نیازی کا کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصر عباس نے راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کیے اور ان سے یقین دہانی حاصل کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکیل اور رہنما نعیم پنجوتھہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے انہیں بتایا کہ نومبر کے مہینے میں ملاقات کی اجازت نہیں ہے، جو آئندہ ماہ ہی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’نوٹیفیکیشن زیر التوا ہے۔ وہ [ملاقات کا] نوٹیفیکیشن جاری ہوگا تب ملاقات ہو گی۔‘
نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر موجود پی ٹی آئی کارکن چاہتے تھے کہ کم از کم عمران خان کی کسی ایک بہن کو سابق وزیر اعظم سے ملنے کی اجازت دے دی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’کوآرڈینیٹر نے گذشتہ روز چھ افراد کی لسٹ بھجوائی لیکن کسی ایک کو جانے نہیں دیا گیا۔ عمران خان اس وقت مکمل تنہائی میں ہیں، وہ کس حالت میں ہیں؟ کیا صورت حال ہے؟ کچھ معلوم نہیں۔‘
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کچھ روز قبل بھی اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
