کچن میں موجود یہ عام سے اجزاء جو آپ کی قوت مدافعت بڑھا سکتے ہیں
غیر صحت مند طرز زندگی اور آلودگی کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہی ہے، یہی وجہ ہے کہ فی زمانہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے قوت مدافعت بڑھانا بہت ضروری ہے۔ خوش قسمتی سے، ہمارے کچن میں موجود کئی عام چیزیں قوت مدافعت کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتی ہیں۔
لونگ
لونگ قوت مدافعت بڑھانے کے لیے مفید ہیں لونگ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ آزاد ریڈیکلز کے خلاف لڑنے اور انفیکشن کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ آپ انہیں کچا، پیس کر، یا مختلف پکوانوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔
دہی
دہی کو ڈیری مصنوعات میں سب سے زیادہ صحت بخش تصور کیا جاتا ہے، خالص دہی میں موجود پروبایوٹکس آپ کے امیون سسٹم کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ اچھے بیکٹیریا کی کمی سے بچنے میں مددگار ہیں، اس لیے اپنی غذا میں دہی کی مقدار بڑھائیں اسے زیادہ فائدہ مند بنانے کے لیے اس میں چینی کم استعمال کریں۔
شہد
شہد کی افادیت سے کون واقف نہیں، اس میںاینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہپائی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ شہد کو صدیوں سے زخموں کو مندمل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہاہے۔ اندرونی طور پر یہ دمے اور گلے کی بیماریوں میں بھی مفید ہے۔ خام شہد کو کبھی بھی گرم پانی میں نہ ملائیں، بلکہ روزانہ ایک چمچ خام شہد لیں۔
ہلدی دودھ
ہلدی دودھ، جسے گولڈن ملک بھی کہا جاتا ہے، رات کو پینے کے لیے بہترین ہے۔ یہ ہاضمے کو بہتر بنانے، خون کی گردش بڑھانے اور نزلہ زکام سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔ اس کے لیے تازہ گائے کا دودھ اور ہلدی کا استعمال کریں۔
لہسن
لہسن کو قدرتی اینٹی بایوٹک کہا جاتا ہے سپر فوڈ میں شامل یہ سبزی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے بے حد مفید ہے، تاہم گرم موسم میں اس کا استعمال محدود رکھیں۔ یہ بلغم نکالنے اور ہاضمے کی مدد کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ دو لہسن کے جوئے روزانہ استعمال کے لیے کافی ہیں۔
دار چینی
دار چینی ایک عام مصالحہ ہے جسے کیک یا اسموتھیز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی مائیکروبیل مرکبات بیکٹیریا اور وائرس سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، اس کے علاوہ یہ بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
لیموں پانی
لیموں پانی نہ صرف پینے میں فرحت بخش اور مزیدار ہے بلکہ اس کے کئی صحت کے فوائد بھی ہیں۔ یہ جسم میں تیزاب الکلی کی سطح بحال کرتا ہے، وٹامن سی فراہم کرتا ہے اور جراثیم کے خلاف لڑتا ہے۔ صبح کے وقت گرم لیموں کا پانی پینا بہت فائدہ مند ہے۔