یوکے اردو نیوز،7جولائی: برطانیہ کے وزیر اعظم اور سربراہ لیبرپارٹی کیئر اسٹارمر کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کئیر اسٹامر نے پہلا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے روانڈا منصوبے کو ختم کردیا ہے، ٹوری حکومت نے تارکین وطن کو روانڈا ڈی پورٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق روانڈا اسکیم بورس جانسن نے شروع کی،لزٹرس اور رشی سناک کی جانب سے اسے جاری رکھا گیا جبکہ برطانیہ روانڈا اسکیم پر 270 ملین پاؤنڈز خرچ کرچکا ہے
مگر اب لیبر حکومت نے نیا بارڈر سیکیورٹی کنٹرول سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
گزشتہ روز سربراہ لیبرپارٹی کیئر اسٹارمر کا برطانیہ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر کہنا تھا کہ آج عوام نے ووٹ دیکر صفحہ بدل دیا ہے۔
اتنے بڑے مینڈیٹ کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی عوام نے دی ہے، ووٹرز نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں ووٹ اس لئے ملا کے جماعت میں تبدیلی لائیں، تبدیلی لانے کیلئے فوری اقدامات کرینگے۔
کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ لیبرپارٹی بدل چکی ہے یہ طرز عمل ہماری حکومت میں بھی نظر آئیگا، عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔