اب گھر میں سینما کا لطف لیں، سام سنگ نے جدید اور دیوہیکل ٹی وی متعارف کرا دیا
یہ ڈسپلے 100 فیصد BT.2020 حقیقی رنگ پیش کرتا ہے
سام سنگ نے ٹیلی وژن ٹیکنالوجی میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دیوہیکل اسکرین متعارف کرا دی ہے۔ کنزیومر الیکٹرونکس شو (CES) 2026 کے دوران کمپنی نے 130 انچ اسائز کا مائیکرو آر جی بی ٹی وی پیش کیا، جو اب تک کا سب سے بڑا اور جدید ڈسپلے قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکا کے شہر لاس ویگس میں ہونے والی نمائش میں سام سنگ کے نئے R95H ماڈل نے خاص توجہ حاصل کی۔ اس ماڈل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا آڈیو سسٹم براہِ راست اسکرین کے فریم میں ضم کیا گیا ہے، جبکہ آواز اور تصویر کو اسکرین کے سائز کے مطابق ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ دیکھنے اور سننے کا تجربہ قدرتی محسوس ہو۔
130 انچ کا یہ شاندار ٹی وی سام سنگ کے جدید مائیکرو آر جی بی AI انجن پرو پر کام کرتا ہے، جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تصویر کو مزید بہتر بناتا ہے۔
اس کے ساتھ RGB کلر بوسٹر پرو اور مائیکرو آر جی بی HDR پرو مختلف مناظر میں رنگوں کی گہرائی، کنٹراسٹ اور باریکیوں کو نمایاں کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ڈسپلے 100 فیصد BT.2020 حقیقی رنگ پیش کرتا ہے، جبکہ رنگوں کی درستگی کے اعتراف میں اسے جرمنی کے معروف ادارے وربینڈر ڈر الیکٹرو ٹیکنیک (VDE) کی سرٹیفکیشن بھی حاصل ہو چکی ہے۔
سام سنگ کا یہ نیا ٹی وی مستقبل کی اسکرین ٹیکنالوجی کی ایک جھلک سمجھا جا رہا ہے، جو گھریلو تفریح کے معیار کو ایک نئی سطح پر لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
