پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین کو ایسے موبائل فونز کے بارے میں بتادیا ہے جو بلاک ہونے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے پیش نظر کلون/ ڈپلیکیٹ موبائل ڈیوائسز کو بلاک کر دیا جائے گا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں پی ٹی اے نے صارفین کو موبائل ڈیوائسز کی تصدیق کے لیے اہم ہدایت دی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو پی ٹی اے کی جانب سے آپ کی موبائل ڈیوائس کے کلون یا ڈپلیکیٹ ہونے کے بارے میں کوئی پیغام/ میسج موصول ہوا ہے، تو #06#* ڈائل کرکے اپنے آئی ایم ای آئی کی تصدیق کریں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کے پیغام میں مذکورہ آئی ایم ای آئی سے اس کا موازنہ کریں، IMEI بلاک ہونے سے بچنے کے لیے ایس ایم ایس موصول ہونے کے سات دنوں کے اندر پی ٹی اے کو جواب دیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسئلے کے برقرار رہنے کی صورت میں براہ کرم شکایت کے لیے پی ٹی اے سی ایم ایس کے ذریعے complaint.pta.gov.pk پر خریداری اور ایف بی آر ٹیکس کی ادائیگی کے مکمل ثبوت فراہم کریں۔