معروف سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے اپنی میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں ایک اہم اور بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی واٹس ایپ کے کانٹیکٹس کے سسٹم کو مکمل طور پر تبدیل کر رہی ہے۔
اب تک واٹس ایپ میں صرف وہی کانٹیکٹس محفوظ ہوتے ہیں جو آپ کے فون میں محفوظ ہیں، اور دیگر لنکڈ ڈیوائسز میں کانٹیکٹس کو محفوظ کرنا ممکن نہیں ہے۔
اگر آپ کا فون گم یا خراب ہو جائے تو آپ کو دوبارہ واٹس ایپ میں ان کانٹیکٹس کو محفوظ کرنا پڑتا ہے۔
اسی طرح، اگر ایک ڈیوائس پر واٹس ایپ کے دو اکاؤنٹس استعمال کیے جا رہے ہوں تو بھی مشکلات پیش آتی ہیں، اس لیے اب واٹس ایپ میں کانٹیکٹ منیجر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس تبدیلی کے بعد تمام کانٹیکٹس براہ راست ایپ میں محفوظ ہوں گے، اور اگر آپ کا فون گم ہو جائے یا تبدیل ہو جائے تو آپ کو انہیں دوبارہ محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
میٹا کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں پہلے واٹس ایپ ویب اور اس کی ونڈوز ایپ کے لیے متعارف کرایا جائے گا، اس کے بعد بتدریج دیگر لنکڈ ڈیوائسز میں بھی کانٹیکٹس کو محفوظ کرنا ممکن ہو جائے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق اس تبدیلی کے لیے نئی ٹیکنالوجی، آئیڈنیٹی پروف لنکڈ اسٹوریج (آئی پی ایل ایس)، کا استعمال کیا جائے گا، اس ٹیکنالوجی کے تحت واٹس ایپ میں محفوظ نام اور نمبر انکرپٹڈ ہوں گے اور صرف آپ کو ہی ان تک رسائی حاصل ہوگی۔
کمپنی نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں صارفین اپنے کانٹیکٹس کو یوزرنیم کے ساتھ بھی محفوظ کر سکیں گے، اس بارے میں مزید تفصیلات اس وقت جاری کی جائیں گی جب یوزر نیم کا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔
یوزر نیم کے ذریعے صارفین اپنے فون نمبر کو شیئر کیے بغیر دیگر افراد سے چیٹ کر سکیں گے۔