دنیا کی ایک بڑی آبادی وِنٹیج یعنی پرانے کپڑے سستے ہونے کی وجہ سے خرید استعمال کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں میں وِنٹیج کپڑوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔
بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ پرانے کپڑے نہ صرف سستے ہوتے ہیں، بلکہ ان کے نزدیک یہ ماحول دوست طریقہ بھی ہے جس سے وہ اپنی وارڈروب میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کپڑوں کو استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح دھوکر صاف کیا جائے، کیونکہ لنڈا کے کپڑے بیماری پیدا کرنے والے بہت سے جراثیم کے پھیلاؤ کا عام ذریعہ ہیں۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ جلد پر قدرتی طور پر لاکھوں بیکٹیریا، فنگس اور وائرس ہوتے ہیں جنہیں مجموعی طور پر “اسکن مائیکرو بایوم” کہا جاتا ہے چونکہ لباس جلد سے قریب ہوتا ہے تو ایسی صورت میں یہ اسکن مائیکرو بایوم کپڑے میں منتقل ہوسکتے ہیں،جلد کے مائیکرو بایوم میں جو بیکٹیریا عموماً موجود ہوتے ہیں وہ کئی طرح کے جلد کے ساتھ دیگر امراض کا باعث بن سکتے ہیں۔
ہر شخص میں اسکن مائیکرو بایوم ان کے جسم کے مطابق ہوتا ہے۔ جو چیز ایک شخص کے لیے معمولی اور بے ضرر ہو سکتی ہے، وہ دوسرے شخص کے لیے بیماری کا سبب بن سکتی ہے، اس طرح جو انفیکشن یا جراثیم ان کپڑوں کو آخری بار پہننے والے کے جسم پر موجود تھے، وہ ابھی بھی ان کپڑوں میں موجود ہو سکتے ہیں۔
ایک سروے کے مطابق پاکستان میں لنڈے کے کپڑے جو مارکیٹ میں فروخت ہو رہے تھے، ان میں کئی خطرناک بیسلس سبٹیلس اور اسٹیفیلوکوکس آوریئس کے جراثیم پائے گئے تھے، یہ بیکٹیریا جلد اور خون کے انفیکشن کا سبب بن سکتے ہیں۔ اسی طرح کئی جلد کے امراض کے جراثیم بھی پائے گئے تھے۔
تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ بہت سے امراض کے جراثیم جیسے ای کولی، اسٹیفیلوکوکس آوریئس اور اسٹریپٹوکوکس پائیوجنیس کپڑوں پر مہینوں تک زندہ رہ سکتے ہیں، اگر انہیں کمرے کے درجہ حرارت پر رکھا جائے، جبکہ کپڑوں پر کچھ جراثیم 90 یا مہینوں تک زندہ رہ سکتے ہیں۔
زیادہ نمی والی فضاء میں بیکٹیریا زیادہ دن تک زندہ رہ سکتے ہیں اس لیے کپڑے خشک جگہ پر رکھنا جراثیم کی افزائش کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ کہنا مشکل ہے کہ لنڈا کے کپڑوں سے بیماری کا خطرہ کتنا ہے تاہم ایسے افراد جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے، ان کے لیے خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔
لنڈے کےکپڑوں کو صحیح طریقے سے دھونا
لنڈا کے کپڑوں کو ڈیٹرجنٹ ملےگرم پانی میں دو سے تین گھنٹے بھگو کر دھونا چاہئے، اس سے نہ صرف کپڑوں کا میل کچیل صاف ہو گا بلکہ بیماری پیدا کرنے والے جراثیم بھی ختم ہو جائیں گے، تاہم ٹھنڈے پانی سے دھونا اتنا مؤثر ثابت نہیں ہوگا۔
اگرچہ بہت سے لنڈا کے کپڑے بیچنے والے کہتے ہیں کہ وہ کپڑے فروخت کرنے سے پہلے دھوتے ہیں، پھر بھی آپ انہیں لازمی دھو کراستعمال کریں۔