آپ نے یہ اکثر محسوس کیا ہوگا کہ جب بھی آپ سمندر کے کنارے، پارک یا سرسبز مقامات میں سیر کرتے ہیں تو خود کو آپ زیادہ تازہ دم اور خوش محسوس کرتے ہیں۔
گھر سے باہر جانا صرف منظر کی تبدیلی نہیں ہے بلکہ یہ آپ کی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے، قدرت صرف پس منظر نہیں بلکہ ہماری صحت اور مزاج کو بھی بدل سکتی ہے۔
یہاں پر گھر سے باہر قدرتی ماحول میں محض 20 منٹ گزارنے کے فوائد پیش کیے جارہے ہیں۔
بہتر ذہنی صحت
سمندر کے کنارے کھڑے ہو کر لہروں کو آتے ہوئے دیکھنا ذہنی سکون کا باعث بنتا ہے، اور یہ احساس صرف ایک عارضی جذبہ نہیں بلکہ یہ ایک طاقتور تجربہ فراہم کرتا ہے جو آپ کی ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
ذہنی دباؤ اور اضطراب کوکم کرتا ہے
لوگوں کی بڑی تعداد اس تیز رفتار زندگی کی بھاگ دوڑ سے بوجھل ہونے لگتی ہے اور اضطراب بڑھنے لگتا ہے ایسی صورت میں جیسے آپ قدرتی ماحول میں وقت گزارتے ہیں ذہنی دباؤ کم ہونے لگتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق قدرت میں صرف 20 منٹ گزارنے سے کورٹیسول کی سطح، جو دباؤ کا ہارمون ہے، نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔
مضبوط مدافعتی نظام
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کیا قدرت روزانہ کسی ملٹی وٹامن کی طرح کام کر سکتی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ ایسا ہو سکتا ہے۔ جاپان میں پائے جانے کنفیئر درختوں کے درمیان چلنے سے مدافعتی نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ یہ درخت بیماریوں سے بچانے کے لیے ایک مخصوص کیمیکل جاری کرتے ہیں، جسے فائٹو نائیڈز کہا جاتا ہے۔
تخلیقی صلاحیت اور توجہ میں اضافہ
ایسی دنیا میں جہاں سوشل میڈیا آپ کی توجہ کو درجنوں مختلف سمتوں میں اپنی جانب مبذول کرتا ہے ایسے میں قدرت کے ںظاروں کے درمیان وقت صرف کرنا آپ کی توجہ کو بحال کرتا ہے اور تخلیقی صلاحیتوں بڑھاتا ہے۔