اوورسیز پاکستانیوں کے فون پر ٹیکس ختم کرنے کی خبروں کی بڑی حقیقت سامنے آگئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کے فون پر ٹیکس ختم کرنے کی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بیرون ملک سے پاکستان فون لانے پر ٹیکس لاگو ہے اور اس کو ختم نہیں گیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کررہی تھی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ساتھ فون لانے پر جو ٹیکس دینا پڑتا تھا اس کو ختم کردیا گیا ہے اب اوورسیز پاکستانی اپنے ساتھ کوئی بھی فون لاسکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی اے زونل آفس پشاور نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مل کر مینگورہ، بری کوٹ اور بٹ خیلہ میں ایک موبائل فون کمپنی کی فرنچائز اور غیر قانونی سمز ایکٹیویشن میں ملوث گروہ پر کامیاب چھاپے مارے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فرنچائز اور گینگ سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث تھے جو کہ گرے ٹریفکنگ اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھیں۔
چھاپوں کے دوران 33 بی وی ایس ڈیوائسز، 6 لیپ ٹاپ، 10 موبائل اور 600 سمیں بطور ثبوت قبضے میں لے لی گئیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے 10 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ معاملے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔